راولپنڈی (نیوز رپورٹر)معروف ادبی و ثقافتی تنظیم ”سخنور“ کے زیرِ اہتمام راولپنڈی آرٹس کونسل کے تعاون سے سفرنامہ نگار، افسانہ نگار اور ماہرِ تعلیم حسنین نازش کے دوسرے سفرنامے ”دیوارِ چین کے سائے تلے“ کی تقریبِ پذیرائی و رونمائی منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت بزرگ شاعر اور دانشور ڈاکٹر احسان اکبر نے کی،مہمانانِ خصوصی حمید شاہد اور جلیل عالی اور مہمانِ اعزاز نسیمِ سحرتھے۔ نظامت نوید ملک نے کی۔ کتاب اور صاحبِ کتاب پر اظہارِ خیال کرنے والوں میں نوید ملک، ارشد ملک، پروفیسر سہیل بن عزیز، ڈاکٹر فاخرہ ، احمد ظہور، ڈاکٹر صبا جوید، ضیاءالدین نعیم، نسیمِ سحر، جلیل عالی، حمید شاہد اور صاحبِ صدر ڈاکٹراحسان اکبرشامل تھے۔مقررین نے اس سفرنامے کو اردو سفرناموں میں ایک عمدہ اضافہ قرار دیا۔ اس موقع پر ”سخنور“ کی جانب سے صاحبِ کتاب حسنین نازش کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں شیلڈ بھی پیش کی گئی۔