ٹرمپ اپنے وزراءکو ”ڈومور“ کا سخت پیغام دیکر جلد پاکستان بھیجیں گے

Oct 08, 2017

واشنگٹن (صباح نیوز+ اے ایف پی) امریکی صدر ٹرمپ اپنے وزراءکو ”ڈو مور“ کا سخت پیغام دیکر پاکستان بھیجیں گے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کر یں گے جس کے بعد وزیر دفاع جم میٹس بھی جائیں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے دونوں اعلی حکام پاکستان کو مسلح جہادی تنظیموں کی حمایت ختم کرنے کا سخت پیغام دیں گے۔ رواں ہفتے امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے امریکی کانگریس کو بتایا تھا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے ایک کوشش اور کریں گے جس میں ناکامی کی صورت میں صدر ٹرمپ ضروری اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تاحال ہم نے دونوں ملکوں کے فوجی تعلقات میں کوئی خاص فرق نہیں دیکھا اور جم میٹس کے دورے کے بعد بھی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہونیوالی۔ 2011ءمیں ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈو آپریشن میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور امریکة کے تعلقات شدید کشیدہ ہوگئے تھے اور اس کے بعد سے کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ برسراقتدار آنے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے اس بات کا اشارہ دیا کہ پاکستان کے ساتھ امریکہ کی مایوسی اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ اب کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا۔ اگست میں انہوں نے پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام بھی لگایا۔

مزیدخبریں