لاہور(نمائندہ سپورٹس ) یاسر شاہ کی جانب سے سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی عمدہ باولنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 184 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 140 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا ۔ یاسر مسلسل پانچ میچز کی اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے کھلاڑی بن گئے۔اس سے قبل انہوں نے 2 سال اور 341 دن میں 150 وکٹیں مکمل کی ہیں۔ صرف دو بولرز آسٹریلیا کے مچل جانسن اور انگلینڈ کے گریم سوآن ان سے کم وقت میں 150 وکٹیں مکمل کر چکے ہیں۔ یاسر شاہ نے 13 ویں مرتبہ ٹیسٹ اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کر کے ثقلین مشتاق اور فضل محمود کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ٹیسٹ کیریئر کے 28 ویں میچ میں یاسر شاہ نے 13 مرتبہ ایک اننگز میں 5 یا اس سے زائد کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس ریکارڈ میں شعیب اختر کو پیچھے چھوڑ دیا۔پاکستان کے فضل محمود نے 34 اور ثقلین مشتاق نے 49 میچوں میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ سابق کپتان وسیم اکرم 25 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دے کر سرفہرست ہیں، عمران خان نے 23، وقار یونس نے 22، عبدالقادر اور دانش کنیریا نے بالترتیب 15، 15 مرتبہ ایک اننگز میں 5 سیزائد وکٹیں حاصل کیں۔یاسرشاہ نے اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں عمر گل کی جانب سے 163 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ یوں وہ پاکستان کی جانب سے زیادہ وکٹیں لینے والے مشترکہ طور پر 12ویں باؤلر بن گئے ہیں۔وسیم اکرم 414 وکٹیں لیکر سرفہرست ہیں، وقار یونس 373، عمران خان 362، دانش کنیریا 261 اور عبدالقادر 236 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کا 140 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا
Oct 08, 2017