لاہور (کامرس رپورٹر) آنے والے دنوں میں پرانی کاروں، شیمپو، ٹائرز، موبائل فونز، الیکٹرانک گڈز، درآمدی گارمنٹس، فروٹ، ٹائلز سمیت دیگر240 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔ان اشیا پر مختلف شرحوں سے درآمدی ریگو لیٹری ڈیو ٹی کا نفاذ کیا گیا ہے۔ تجارتی نمائندوں نے ایک سروے کے دوران کہا کہ اگر ڈیوٹی میں دس فیصد اضافہ ہوا تو قیمت میں بیس فیصد اضافہ ہو گا۔ اس سلسلہ میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خواجہ خارو رشید نے کہا ہے کہ اس تمام تر عمل میں سٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی گئی حکومت ڈیوٹیوں میں شرحوں کے اضافہ سے مطلوبہ ریونیو نہیں حاصل کر سکے گی بلکہ الٹا سمگلنگ میں زبردست اضافہ ہو گا ۔ صارفین کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ علاوہ ازیں میں گزشتہ ہفتے کے دوران پرچون سطح پر20 سبزیوں کی قیمتوں میں 40 روپے تک ، ایک کلو برائلر گوشت کی قیمت میں 41 روپے جبکہ ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت میں 2 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سبزیوںمیںایک کلو لیموں دیسی 40 روپے اضافے سے 146 روپے، ایک کلو شملہ مرچ کی قیمت 38 روپے اضافے سے 96 ہوگئی۔ مٹر کی قیمت 20 روپے اضافے سے 176 روپے ہوگئی۔ گھیا توری 16 روپے اضافے سے 58 روپے، آلو نیا 3 روپے اضافے سے 38 روپے، آلو شوگر فری 2 روپے اضافے سے 32 روپے، پیاز 11 روپے اضافے سے 67 روپے، لہسن دیسی 10 روپے اضافے سے 120 روپے، ادرک تھائی لینڈ 6 روپے اضافے سے 106 روپے، ادرک چائنہ 16روپے اضافے سے 162 روپے، بیگن 3 روپے اضافے 30 روپے، کھیرا دیسی 6 روپے اضافے سے 38 روپے، کریلے 16 روپے اضافے سے 90 روپے، پالک 8 روپے اضافے سے 25 روپے، ٹینڈے دیسی 11 روپے اضافے سے 69 روپے، میتھی 11 روپے اضافے سے 96 روپے، بند گوبھی 5 روپے اضافے سے 32 روپے، گھیا کدو 11روپے اضافے سے 53روپے اور ایک کلو شلجم کی قیمت 8 روپے اضافے سے 47 روپے ہو گئی ۔ ایک کلو برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 136 روپے سے بڑھ کر 177 روپے ہوگئی جبکہ ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت 98 روپے سے بڑھ کر 100 روپے ہوگئی۔
ریگولیٹری ڈیوٹی ،موبائل فون، الیکٹرانک اشیا، کپڑے، کاروں سمیت 240 اشیا مہنگی ہوجائینگی
Oct 08, 2017