لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ضمنی انتخابات سے قبل گرفتاری پری پول رگنگ ہے۔میاں شہبازشریف کی گرفتاری انتخابی عمل میں ان کی پارٹی کو دیوار سے لگانے کیلئے عمل میں لائی گئی ہے۔ اتوار کے روز مرکزی دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی مہم کے دوران بھی میاں نوازشریف کی نااہلی اور مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزائوں سے بھی مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم متاثر بھی ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اب نیب خود کو انتقامی سیاسی کارروائیوں کے الزامات سے نہیں بچاپائے گا، نیب کو جرم ثابت ہونے سے پہلے کسی کی تذلیل اور اس کا میڈیا ٹرائل نہیں کرنا چاہئے۔ اس سے نیب کی ساکھ مزید متاثر ہو سکتی ہے۔