سنچری بنا کر خود کو منوالیا، عزت کے ساتھ ریٹائر ہونا چاہتا ہوں، محمد حفیظ

دبئی(سپورٹس ڈیسک ) آسٹریلیا کیخلاف سنچری بنانے والے محمد حفیظ نے کہا ہے کہ سنچری بنا کر خود کو منوالیا، عزت کے ساتھ ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔ دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئیحفیظ نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں جب سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے یونس خان اپنے کیریئر کا 118 واں او آخری ٹیسٹ کھیل رہے تھے تو اس میچ میں بھی یونس خان کو خود کو منوانا تھا۔۔ دبئی میں سنچری بناکر حفیظ نے دل کی بھڑاس کھل کر نکالی، انہوں نے براہ راست ہیڈکوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا نام لینے سے گریز کیا لیکن ان کے انداز سے لگ رہا تھا کہ وہ دو سال سے ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے اور ایشیا کپ نہ کھیلنے پر خوش نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امتحان ختم نہیں ہوتے، سابق کپتان یونس خان جب اپنا آخری میچ کھیل رہے تھے تو انہیں اس میچ میں بھی اپنے آپ کو منوانا تھا۔حفیظ نے کہا کہ ہر کھلاڑی کیریئر کا اختتام عزت کے ساتھ کرنا چاہتا ہے، میرے لیے پہلی تر جیح پاکستان ہے، محمد حفیظ نے کہا کہ میں کچھ ماہ قبل دلبرداشتہ تھا اور اپنے کیریئر کے حوالے سے انتہائی فیصلہ کرنا چاہتا تھا لیکن میری اہلیہ اورفاسٹ بولر شعیب اختر نے مجھے ایسا کرنے سے باز رکھا۔۔ا حفیظ نے کہا کہ میں نے اس فارمیٹ میں واپس آنے کیلئے دو سال سخت محنت کی ہے، ٹیم میں چانس ملنے اور سنچری بنانے پر خوش ہوں، دبئی میں یہ میری پہلی سنچری ہے، مچل اسٹارک نے اچھی بولنگ کی اور مجھے پوری اننگز کے دوران چیلنج دیا، پچ سلو ہے لیکن امام الحق بہت اچھا کھیلا، ہم اگر اننگز میں مزید 200 رنز بنالیں تو بولرز کیلئے اچھا موقع ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن