سکھر (نیٹ نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید احمد شاہ نے کہا ہے عمران خان نے حکومت میں آتے ہی مہنگائی بڑھا دی، وزیراعظم سے کہتا ہوں ہوش کے ناخن لو، عوام سے کئے وعدے پورے کرو ورنہ مٹ جائو گے۔ سکھر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر دینے کا کہتی ہے ساتھ ہی آشیانہ سکیم بنانے والے شہبازشریف کو دھرلیا جاتا ہے۔ ہمیں کوئی ڈر کوئی خوف نہیں ، ٹی وی پہ چلایا جاتا ہے نیب نے خورشید شاہ کی تحقیقات شروع کردی۔ احتساب کا چیئرمین بیوقوف نہیں کہ خورشید شاہ کے خلاف ایسا کام کرکے خود پر داغ لگائے۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں جمہوریت قائم رہے، پارلیمنٹ چلے، سیاستدان نہ لڑیں۔