اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار نے لندن میں دو فلیٹس کی ملکیت سے متعلق وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے الزامات کو حقائق کے منافی قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ میری پاکستان سے باہر لندن میں تو کیا دنیا میں کہیں بھی کوئی جائیداد نہیں۔ لندن میں دو فلیٹس کا دعوی جھوٹا ہے ‘ یہ الزامات میرے خلاف چلائی گئی منفی مہم کا حصہ ہیں‘ اگر شہزاد اکبر سچے ہیں تو فلیٹس کی تفصیلات منظر عام پر لائیں۔ اسحق ڈار نے کہا کہ اصل مسائل سے نمٹنے میں ناکامی پر وزراء عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے الزامات لگا رہے ہیں جب کہ شہزاد اکبر کے الزامات پی ٹی آئی کی روایتی سیاست کا حصہ ہیں‘ اسحق ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت انتقامی کارروائیوں کے لیے نیب کو استعمال کررہی ہے۔