8 اکتوبر زلزلے کے سانحہ کوگزرے تیرہ سال ہوگئے

Oct 08, 2018

مظفرآباد(صباح نیوز)08 اکتوبر2005 زلزلہ کے شہداء کی برسی کے موقع پر صدر آزاد جموںو کشمیرمحمد مسعود خان، وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیراطلاعات مشتاق احمد منہاس نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اکتوبر 2005کی صبح چند ساعتوں میں رونما ہوئے عظیم سانحہ کوگزرے آج تیرہ سال ہوگئے ہیں۔ اس زلزلے میں آزادکشمیر میں ہزاروں لوگ شہید اور زخمی ہوئے، لاکھوں بے گھر ہوئے۔ جن کے دکھوںکی آج ہم یاد تازہ کررہے ہیں ۔ 8؍اکتوبر کے زلزلے میں ہونے والے ناقابل تلافی جانی نقصان کا ازالہ تو ممکن نہیں تاہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ایک عزم ، حوصلے اور استقامت سے بحالی اور تعمیر نوکو جلد مکمل کریں گے اور ہم ایک باوقار قوم کی طرح زندہ رہیں گے۔ اس موقع پر صدر آزادجموںوکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ زلزلے کی ہولناک تباہ کاریوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں جس انداز سے یکجہتی، اتحاد اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا گیا اس کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ پوری قوم نے غم وسوگ کے تاثرات کے ساتھ ایک پرچم کے سائے تلے محب وطن ہونے کا ثبوت دیا۔ وہ قومیں عظیم تر ہوتی ہیں جو اپنے معاشرے کے گردوپیش میں بکھرے ہوئے مسائل کو صبر، حوصلے اور استقامت سے حل کرلیتی ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میں اس موقع پر یقین دلاتا ہوں کہ تعمیر نو کاعمل پوری دیانتداری سے جاری رکھا جائے گا۔ سابق صدر، سابق وزیراعظم، سالار جمہوریت سردار سکندرحیات خان نے کہا 8 اکتوبرکے زلزلہ کوکبھی فراموش نہیںکیا جا سکتا۔

مزیدخبریں