لاہور/ اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سیشن عدالت لاہور میں وکلاء کی طرف سے سب انسپکٹر پر تشدد کا ازخود نوٹس لے لیا اور آئی جی پنجاب سے 13 اکتوبر کو رپورٹ طلب کر لی۔ فاضل عدالت نے پاکستان بار کونسل کے وائس چیرمین، لاہور بار کے صدر اور سیکرٹری کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ فاضل عدالت نے سب انسپکٹر کی اپیل پر نوٹس لیا جس میں کہا گیا تھا اسے وکلاء نے بغیر کسی وجہ کے تشدد کا نشانہ بنایا۔ چیف جسٹس کے مطابق گرے ٹیلی کمیونیکیشن ٹریفکنگ کا بھی نوٹس لے لیا اور کیس کی سماعت کیلئے آج مقرر کر دیا۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل پاکستان کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ چیئرمین پی ٹی اے، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی آئی بی کو بھی طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ میں آج ڈی پی او پاکپتن تبادلہ کیس کی سماعت ہو گی۔ وزیراعیٰ پنجاب، سابق آئی جی پنجاب کے تحریری جوابات کا جائزہ لیا جائے گا۔ بھاشا ڈیم اراضی کی حد بندی، اسلام آباد میں سرکاری ہسپتالوں کی کمی کے مقدمے اور وزیراعیٰ سندھ مراد علی شاہ کے اقامہ کے معاملے پر نااہلی کا مقدمہ بھی زیرسماعت آئے گا۔