اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے پارٹی کے صدر میاں شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد ملکی سیاست میں ’’پروایکٹو‘‘ رول ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وہ آج مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد انہوں نے کوئی سیاسی بیان جاری کیا اور نہ ہی کسی میٹنگ میں شرکت کی ۔ آج مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے دوران قائم مقام صدر کی نامزدگی کی منظوری دے گی۔ چیئرمین مسلم لیگ (ن) راجہ محمد ظفر الحق بھی سرگرم ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریکوزیشن پر طلب کئے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس کیلئے مسلم لیگ (ن) سپیکر سے رول نمبر 108 کے تحت میاں شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کرے گی اور اس وقت تک ایوان کی کارروائی نہیں چلنے دے گی جب تک اس بارے سپیکر حکم نہیں جاری کریں گے۔ واضح رہے ماضی میں آصف علی زرداری کو پروڈکشن آرڈر کے تحت پارلیمنٹ میں لایا جاتا رہا ہے۔
نوازشریف کا ملکی سیاست میں ’’پروایکٹو‘‘ رول ادا کرنے کا فیصلہ
Oct 08, 2018