امریکی وزیر خارجہ پومپیو کے شمالی کوریائی صدر سے مذاکرات، دوبارہ ملاقات پر اتفاق

Oct 08, 2018

لاہور (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو گزشتہ روز اپنے شمالی کوریا کے دورے میں دارالحکومت پیانگ یانگ پہنچے اور صدر کم جانگ ان سے ملاقات کی۔ اس دوران شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیاروں کی تلفی اور بیلاسٹک میزائل پروگرام بند کرنے کے حوالے سے مجوزہ مذاکرات کی تیاری پر تبادلہ خیال ہوا۔ ٹوئٹر پر اپنے دورے سے متعلق مائیک پومپیو نے لکھا کہ سنگاپور کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان ہوئے معاہدوں پر پیش رفت جاری رکھنے کے لئے ان کے اور صدر کم جانگ ان کے درمیان اتفاق ہوگیا۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کے صدر کم سے سوا دو گھنٹے تک مذاکرات ہوئے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر کم کی آئندہ ہونے والی ملاقات سے متعلق فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ پومپیو نے صدر کم سے مصافحہ کرتے ہوئے کہا آپ سے دوبارہ ملکر خوشی ہوئی۔ انہوں نے صدر کم کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور مسکرائے۔ صدر کم نے کہا کہ وہ اس ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کے اچھے مستقبل کا تصور کرتے ہیں۔ اخبار کے مطابق مائیک پومپیو اور صدر کم میں دوبارہ ملاقات کرنے پر بھی اتفاق ہوگیا۔

مزیدخبریں