جب تک حکومت ہے پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار رہیں گے : عمران

Oct 08, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیراعلی سردار عثمان بزدار اصل خادم اعلی ہیں جو نہ کرپشن کرتے ہیں نہ لوٹ مار بلکہ عوام کا درد رکھتے ہیں اور عوام کے مسائل سمجھتے ہیں۔ جب تک تحریک انصاف کی حکومت ہے پنجاب میں عثمان بزدار ہی ہمارے وزیراعلی رہیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے عثمان بزدار کا تعارف کرانا چاہتا ہوںکیونکہ عثمان بزدار ہی تبدیلی کا نام ہے۔ عثمان بزدار سب سے پسماندہ علاقے سے آئے ہیں جہاں بجلی، ہسپتال اور پانی بھی موجود نہیں۔ کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ عثمان بزدار پنجاب کا وزیراعلی بن سکتا ہے لیکن تحریک انصاف تبدیلی کا نام ہے اور عثمان بزدار کا وزیراعلی بننا ایک بڑی تبدیلی ہے۔ عثمان بزدار کو عام آدمی کے مسائل کا علم ہے۔ انہوں نے اپنے ہاتھوں میں علاج نہ ہونے سے لوگوں کو دم توڑتے دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار عام انسان کا درد رکھتے ہیںاور ایماندار آدمی ہیں، عاجزی اور انکساری ان میں موجود ہے۔ ہر ایک سے ملتے ہیں، اراکان اسمبلی کیلئے ہر وقت موجود ہوتے ہیں، ان کا ہرایک سے رابطہ ہے۔ عثمان بزدار پر مجھے پورا یقین ہے کہ وہ کبھی کرپشن نہیں کریں گے اور یہ پنجاب کے سب سے کامیاب وزیراعلی ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں جاری مہم کی تعریف کی اور کہا کہ اس مہم کے دوران غریبوں کی بستیوں کو نہ چھیڑا جائے اور طاقتور مافیا کے خلاف آپریشن کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ وزیراعلیٰ آفس کا خرچہ جو کہ سابق حکومت کے دور میں 55 لاکھ روپے ماہانہ تھا اسے کم کر کے 9 لاکھ روپے ماہانہ پر لے آئے ہیں جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ نے وزیر اعلیٰ آفس کے اخراجات کم کئے ہیں لیکن یہ عوام کو بھی بتانا چاہئے۔

مزیدخبریں