شجاع آباد(اعجاز حسین بابر سے)ضمنی انتخاب حلقہ پی پی 222 کے حوالے سے گہما گہمی عروج پر، الیکشن ایک دلچسپ موڑ میں داخل، تحریک انصاف کے رانا سہیل نون، آزاد امیدوار قاسم خان لنگاہ اور آزاد امیدوار شازیہ عباس کھاکھی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع تفصیلات کے مطابق جنرل الیکشن میں حلقہ پی پی 222 کی نشست پر کامیاب ہونیوالے پاکستان تحریک انصاف کے غلام عباس کھاکھی کی وفات کے نتیجے میں خالی ہونیوالی نشست پر ہو نیوالے ضمنی انتخاب میں 14امیدوار میدان میں ہیں۔ صوبائی اسمبلی کا یہ حلقہ شجاع آباد کی سات جبکہ جلالپور کی پانچ یونین کونسلوں پر مشتمل ہے۔ اس نشست پر نمایاں امیدواران میں غلام عباس کھاکھی کی بیوہ شازیہ عباس کھاکھی آزاد، تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون کے بھائی رانا سہیل نون پاکستان تحریک انصاف، مہدی عباس لنگاہ مسلم لیگ ن، قاری قاسم تحریک لبیک پاکستان اور قاسم خان لنگاہ عرف کاظم خان لنگاہ آزاد امیدوار شامل ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار رانا سہیل نون اس سے قبل جنرل الیکشن 2018 میں حلقہ پی پی 221 میں تحریک انصاف کی ٹکٹ پر مسلم لیگ ن کے رانا اعجاز نون سے الیکشن ہار چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار مہدی عباس لنگاہ اپنے کزن آزاد امیدوار قاسم خان لنگاہ عرف کاظم خان لنگاہ کے حق میں دستبردار ہو گئے ہیں اور اپنی دستبرداری کے متعلق تحریری طور پر ریٹرننگ آفیسر کو مطلع کردیا ہے۔اس نشست پر تحریک انصاف کے رانا سہیل نون، آزاد امیدوار قاسم خان لنگاہ اور آزاد امیدوار شازیہ عباس کھاکھی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔