ملتان (حفیظ اﷲ سے) قانون نافذ کرنے والے ادارے خود قوانین پر پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیئے گئے اور صرف عام شہریوں پر قانون کا اطلاق ہوتا ہے شہر میں ہزاروں پولیس اہلکار بغیر ہیلمٹ اور بلا نمبری موٹر سائیکلوں پر دندناتے پھرتے ہیں مگر آج تک کسی کا چالان ہوا نہ گاڑی تھانے بند ہوئی پولیس کے دوہرے معیار پر شہری سراپا احتجاج ہیں ۔ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری ہے مگر ٹریفک پولیس موٹر سائیکلوں پر سوار صرف عام شہریوں کے چالان کرنے میں مصروف ہے جبکہ ٹریفک پولیس کے وارڈن خود ہیلمٹ استعمال نہیں کرتے اسی طرح ضلع پولیس پٹرولنگ پولیس ہیلمٹ فورس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار بھی ہیلمٹ کا استعمال نہیں کرتے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بیشتر موٹر سائیکل سوار اہلکار بلا نمبری موٹر سائیکلوں پر موجود رہتے ہیں قابل ذکر بات یہ ہے کہ عرصہ دراز سے ٹریفک قوانین پر پابندی کرنے کا ڈھنڈوا پیٹا جا رہا ہے مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر قانون میں نرمی برتی جا رہی ہے اور آج تک کسی بھی ضلع پولیس ٹریفک سمیت کی اہلکار کا ہیلمٹ نہ ہونے یا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر چالان نہیں کیا گیا اور نہ ہی اہلکاروں کی گاڑیوں کو تھانوں میں بند کروایا گیا جبکہ دوسری جانب روزانہ ہزاروں شہریوں کی جیبیں کاٹی جا رہی ہیں جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے اس دوہرے معیار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ملتان(کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے چالان نہ کرنے کے حوالے سے ملتان کے شہری ٹریفک پولیس کے خلاف پھٹ پڑے’’نوائے وقت‘‘ کی جانب سے کئے گئے سروے میں شہریوں نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا جاوید گردیزی اور سیف بھٹہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار خود ہیلمٹ نہیں پہنتے مگر ہمارا جینا حرام کر رکھا ہے ہم مزدور آدمی ہیں اور 200 کا چالان نہیں بھر سکتے مگر اب ظلم کی انتہا ہو گئی ہے اور 500 سے 1000 روپے تک کا چالان کیا جا رہا ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اقبال عاربی ‘ محمد شاہد‘ محسن نے کہا کہ پولیس افسران موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کے کاغذات و لائسنس چیک کروائیں تو کسی کے پاس بھی نہیں ملے گا مگر ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی عادل شیخ اور مجیب الرحمن نے کہا کہ جس طرح ہم پاکستانی شہری ہیں اسی طرح پولیس اہلکار بھی پاکستان کے شہری ہیں مگر ان پر کوئی قانون لاگو نہیں اور یہ صرف ہمیں رگڑ رہے ہیں جو کہ سراسر ناانصافی ہے شہریوں نے آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ٹریفک پولیس ضلع پولیس و دیگر فورسیز کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔