کابل (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں کیڈٹس کی بس پر خودش حملہ، بمباری میں 23 افراد مارے گئے۔ افغان فورسز نے خوگیانی میں طالبان کے ٹھکانے پر بمباری کی۔ افغان فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ بمباری میں 13 طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ افغان پولیس کا کہنا ہے کہ غزنی میں بمباری سے بچے سمیت 3 طالبان ہلاک ہوئے۔ ادھرجلال آباد میں افغان سکیورٹی فورسز کے کیڈٹس کی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ27 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صوبائی کونسل ننگر ہار کے رکن سہراب قدیری نے بتایا کہ کیڈٹس کی بس کابل جا رہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد رکشے میں نصب تھا جو بس سے ٹکرا گئی۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے ہلاک ہونے والوں میں افغان سکیورٹی فورسز کے کیڈٹس، عام شہری اور ایک بچہ شامل ہے۔ زخمیوں میں اکثر افراد کی حالت نازک ہے، تاہم انہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب تک کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔افغان اور غیرملکی افواج نے ننگرہار میں فضائی حملے کئے۔ افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کے مطابق فضائی حملوں میں طالبان کمانڈر مولوی ادریس المعروف ابو یوسف مارا گیا۔ گوریلا حملوں کا ماہر کمانڈر ابو یوسف کابل میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔