لاہور( این این آئی)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے موقع پر لاہور یے خوشی سے نہال دکھائی دئیے اور ان کے چہروں کی خوشی دیدنی تھی ، شائقین کرکٹ سخت سکیورٹی کے باوجود اپنی فیملیوں کے ہمراہ میچ شروع ہونے سے کئی گھنٹے قبل ہی اسٹیڈیم پہنچ گئے ، اسٹیڈیم کے اندر اور باہر قومی پرچموں کی بہار نظر آئی، خواتین ، نوجوان اور بچے اپنے چہروں پر قومی پرچم پینٹ کراتے ہوئے نظر آئے ، مہمان ٹیم کی سپورٹ کیلئے بھی نعرے لگائے جاتے رہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کو بھی دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ کی بہت بڑی تعداد قذافی اسٹیڈیم پہنچی ۔ شائقین کرکٹ اپنی فیملیوں کے ہمراہ میچ دیکھنے لئے اسٹیڈیم آئے ۔ شائقین کرکٹ کو پارکنگ سے شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم تک پہنچایا گیا ۔شائقین کرکٹ پاکستان کے حق میں نعر ے لگاتے رہے جبکہ کئی منچلوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر مہمان ٹیم کی سپورٹ کے لئے ان کے حق میں بھی بھرپور نعرے لگائے گئے ۔ اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے طویل قطاریں لگی رہیں اور اس دوران بد نظمی بھی دیکھنے میں آئی ۔راستوں کی بندش کی وجہ سے میچ دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین بھی مشکلات کا سامان کرنا پڑ ا جبکہ کئی مقامات پر نوجوانوں نے پہلے داخلے کی کوشش میں قطاریں توڑ دیں اور دھکم پیل کی تاہم موقع پر موجود سکیورٹی نے حالات کو قابو کر لیا ۔ پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کی جانب سے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کی سکیورٹی کے لئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ تماشائیوں کو مختلف مقامات پر جامع تلاشی کے بعد اسٹیڈیم کے اندر داخلے کی اجازت دی گئی جبکہ اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے ٹکٹ اور شناختی کارڈ لازمی قرار دیا گیا تھا۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ٹیموں کی ہوٹل سے اسٹیڈیم آمد کے روٹ کی فضائی نگرانی کی جاتی رہی جبکہ میچ کے دوران بھی اسٹیڈیم کے اوپر اور اطراف کی آبادیوں کی فضائی نگرانی جاری رہی ۔ پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کی جانب سے اسٹیڈیم کے اطراف میں پیٹرولنگ کا عمل مسلسل جاری رہا ۔ جبکہ پاک فوج اور پولیس کے افسران سکیورٹی انتظاما کا جائزہ لیتے رہے۔
دوسرا ٹی ٹونٹی: قذافی سٹیڈیم میں قومی پرچموں کی بہار، جوش و خروش دیدنی
Oct 08, 2019