جوڈوکاز شاہ حسین شاہ کو اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کیلئے برازیل بھیج دیا گیا

کراچی (این این آئی)جوڈوکاز شاہ حسین شاہ کو اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کیلئے برازیل بھیج دیا گیا۔سابق اولمپئن باکسر حسین شاہ کے بیٹے شاہ حسین شاہ صلاحیت اورانتھک محنت کرنے کے باوجود مالی حالات اور حکومتی عدم توجہی کے باعث اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے سے مایوس نظر آرہے تھے۔میڈیا پر خبر شائع ہوئی تو پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر جنید عالم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے شاہ حسین شاہ کو ذاتی خرچ پر برازیل بھیج دیا جہاں جوڈو برازیلیا چمپئن شپ جارہی ہے۔ ٹورنامنٹ کے کامیاب جوڈوکاز کو اولمپکس 2020 کیلئے کوالیفائی کرنے میں مدد ملے گی ،ماہرین کے مطابق شاہ حسین شاہ کے اس ایونٹ میں کامیابی کے روشن امکانات ہیں۔جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل جنید عالم نے چار لاکھ پانچ ہزار روپے خرچ کر کے شاہ حسین شاہ کو بھیج تو دیا ہے لیکن سفر کے بھاری اخراجات کی وجہ سے ان کو کوچ کے بغیر ہی جانا پڑا اور ان کو مقابلے کے دوران کوچ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی تاہم اس کمزوری کے باوجود وہ ایونٹ میں کامیابی کیلئے بہت پر عزم ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے صدر جوڈو فیڈریشن کے اقدام کو سراہتے ہوئے شاہ حسین شاہ کے دبئی اور آسٹریلیا میں ہونے والے ایونٹس کی تفصیلات طلب کرلی ہیں اس سلسلے میں سربراہ اسپورٹس بورڈ نے بھی جوڈو فیڈریشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ برازیل کے سفر ی اخراجات سمیت شاہ حسین شاہ کے دیگر مقابلوں کے سفری اخراجات کی ادائیگی حکومت سے کروادیں گے۔ برازیل کے بعد شاہ حسین شاہ دبئی اور آسٹریلیا میں بھی کوالیفائنگ راؤنڈز کھیلیں گے۔سابق اولمپئن باکسر حسین شاہ کو یقین ہے کہ ان کا بیٹا 2020 اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈل جیت کر لا سکتا ہے۔ اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کیلئے شاہ حسین شاہ کو دو مقابلے جیتنے ہیں۔جوڈوکاز شاہ حسین شاہ نے اب تک پاکستان کیلئے دو عالمی مقابلوں میں میڈلز جیتے ہیں۔ انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی جب کہ ایشین جوڈو چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔یاد رہے کہ شاہ حسین شاہ نے گزشتہ دنوں اپنی کیٹیگری میں ورلڈ جوڈو چیمپئن شپ کا کوارٹر فائنل بھی کھیلا ہے اور اس مقابلے کے بعد وہ عالمی رینکنگ میں 26 درجے ترقی پا کر 57 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔شاہ حسین شاہ کے والد حسین شاہ بھی ایک جانے مانے پاکستانی باکسر رہے ہیں۔حسین شاہ نے 1988 میں سیول اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اور وہ اب تک اولمپکس مقابلوں میں انفرادی کھیلوں میں تمغہ جیتنے والے واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...