سدرن سنٹرل پنجاب اور بلوچستان اسکواڈز میں تبدیلیاں 

Oct 08, 2020

ملتان(آئی این پی)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں مشکلات کا شکار سدرن پنجاب، سنٹرل پنجاب اور بلوچستان نیاپنے اپنے  اسکواڈ  میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے۔ ملتان میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پرسرفہرست دو نوں ٹیموں،  ناردرن اور خیبر پختونخوا سمیت سندھ نے اپنے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔تین کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز عبدالرحمٰن، شاہد انور اور فیصل اقبال نے ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں نئی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ہیڈ کوچز نے    عبدالواحدبنگلزئی اور محمد اخلاق سمیت سیکنڈ الیون اسکواڈز میں شامل پانچ کھلاڑیوں کوان کی عمدہ کارکردگی کا صلہ دیتے ہوئے  فرسٹ الیون کا حصہ بنالیا ہے۔اس فہرست میں سب سے پہلا نام کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے  17 سالہ نوجوان بیٹسمین عبدالواحد بنگلزئی کا ہے، جنہیں نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے 5  میچوں میں47 کی اوسط سے 235 رنز بنانے پر بلوچستان کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا  ہے۔ ایونٹ میں دو نصف سنچریاں بنانے والے عبدالواحد بنگلزئی کو عمران فرحت کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے بلوچستان فرسٹ الیون کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 میچوں میں 19 رنز بنائے تھے۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے میں جیت کی راہ تکتی سدرن پنجاب کی ٹیم نے بھی اپنے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔ بلاول بھٹی، محمد عرفان اور راحت علی کی جگہ دلبر حسین، محمد عمران اور زین عباس کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر محمد عمران نے 7 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 6 وکٹیں حاصل کیں،دلبر حسین نے 7.2 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ5 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ زین عباس 193 رنز بناکر سدرن پنجاب سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں۔سنٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ نے بھی فرسٹ الیون اسکواڈ میں ایک تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے آف اسپنر بلال آصف کی جگہ سیکنڈ الیون کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین محمد اخلاق کو فرسٹ الیون اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ 2 میچوں  میں ایک وکٹ حاصل کرنے والے بلال آصف کے  برعکس محمد اخلاق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور  میں جاری سیکنڈ الیون کے ابتدائی 4 میچوں میں 3نصف سنچریوں کی مدد سے176 رنز بنائے۔

مزیدخبریں