کھڈیاں خاص:  ورثاء نے بچی سے زیادتی کے ملزم کو احاطہ عدالت میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا

Oct 08, 2020

قصور+ کھڈیاں خاص ( نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار )  ضلع کچہری قصور میں پیشی پر آئے بچی سے زیادتی کے ملزم کو ورثاء  نے وکیل کے چیمبر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں ویرم ہتھاڑ کا ملزم اسلم عرف ملنگی  ضلع کچہری میں اپنے وکیل کے چیمبر میں بیٹھا تھا۔ جبکہ اسلم عرف ملنگی نامی شخص کے خلاف تھانہ کھڈیاں خاص میں بچی کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ درج  تھا۔  بچی کے ورثا نے فائرنگ کر کے  اسے موقع پر ہلاک کردیا۔ فائرنگ کی وجہ سے ضلع کچہری میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ملزموں کی فائرنگ سے دو افراد بھی شدید زخمی ہوگئے جنہیں بعد میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم یاسین کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔  واقعہ کے فوری بعد ڈسٹرکٹ بار قصور کے صدر محمد سلیم ایڈووکیٹ  نے سکیورٹی اداروں کی نااہلی کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کے مطابق مقامی پولیس کی جانب سے مبینہ ملزم کو ریلیف دیا گیا۔ اس دوران بچی کے ورثاء سے ناروا سلوک کیا گیا جس سے دلبرداشتہ ہوکر بچی کے ورثاء نے آج فائرنگ کرکے ملزم کو ہلاک کر دیا۔ تھانہ بی ڈویژن پولیس مصروف تفتیش ہے۔

مزیدخبریں