ملازمت پیشہ خواتین کوہرپلیٹ فارم پر سہولیات دے رہے ہیں:آشفہ ریاض

لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض نے رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کالاشاہ کاکومیں خواتین ریسرچرز کے بچوں کے لیے ڈے کیر سینٹر کا افتتاح کیا۔ڈے کیر سنٹر ہال کمرے، کچن اورباتھ روم پر مشتمل انسٹیٹوٹ کی عمارت میں ہی قائم کیا گیا جس میں سی سی ٹی وی کیمرے، ائیرکنڈیشن ، جھولے، کھلونے، فریج، اوون میٹرس اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے اپنی گفتگومیں کہا کہ بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق مسائل کے باعث خواتین پہلے ہی ملک کی ورک فورس میں مکمل شمولیت حاصل نہیں کرسکیں اس لیے اب اقتصادی و معاشی ترقی کے لیے خواتین پر مشتمل ملک کی نصف آبادی کو کام کرنے کی جگہ پر ڈے کیر سنٹر کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے۔محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ ملازمت پیشہ خواتین کو ہر پلیٹ فارم پر سہولیات فراہم کررہا ہے۔وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض نے کہا کہ ڈے کیرکی سہولت آج کی ورکنگ خواتین کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ورک اسٹیشن پر ہی بچوں کو پر تحفظ اور بہتر ماحول کی فراہمی سے ریسرچر خواتین کی تحقیق میں مزید بہتری آئیگی۔وزیر ویمن ڈویلپمنٹ نے کہا ڈے کیئر سنٹرز کے قیام سے متعلق درخواست کے عمل کونہایت آسان اور بہتربنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کام کرنے والی خواتین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔

ای پیپر دی نیشن