اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) رئیل اسٹیٹ ویلفیئر گروپ کے صدر چوہدری عبدالرئوف کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان، سینئر نائب صدر محترمہ فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبدالرحمٰن خان سے ملاقات کی اور ان کو اپنے عہدے سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ چیمبر کے سابق صدور محمد اعجاز عباسی اور باسر دائود، سابق سینئر نائب صدور خالد چوہدری اور محمد نوید ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث منجمند معیشت کو بحال کرنے کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے تعمیراتی پیکج کا اعلان کیا تھا جس کے مثبت نتائج پیدا ہونا شروع ہو گئے ہیں، بلیو ایریا میں پلاٹوں کی نیلامی سے حکومت کو اچھی خاصی آمدن ہوئی ہے لیکن پیکج کی کم مدت کی وجہ سے ابھی تک بعض سرمایہ کار اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے لہذا انہوں نے اپیل کی کہ تعمیراتی پیکج کی مدت میں 30جون 2021تک توسیع کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ شعبے کی صلاحیت کو اجاگر کرنے کیلئے چیمبر ایک بڑی نمائش منعقد کر نے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ اور کنسٹریکشن کی ترقی سے پچاس سے زائد صنعتوں کا کاروبار چلتا ہے اور بے روزگاری میں کمی واقع ہوتی ہے جبکہ معیشت کو بھی بہتر فروغ ملتا ہے لہذا اس شعبے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ رئیل اسٹیٹ شعبے کے مسائل حل کرانے کیلئے اپنا کردار اد اکریں گے،چوہدری عبدالرئوف نے اپنے خطاب میں سردار یاسر الیاس خان اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ حکومت نے کنسٹریکشن پیکج جاری کیا ہے جبکہ بیوروکریسی نے ایک ایس آر او جاری کر کے رکاوٹ پید اکر دی ہے۔