کرونا وائرس کی دوسری لہر نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دنیا کے کئی ممالک میں وبا کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی دیکھی جارہی ہے۔ عالمی سطح پر شادیوں اور عوامی اجتماعات پر ایک بار پھر سے پابندیاں عائد کرنی شروع کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی دوسری لہر ایک بار پھر دنیا کے تمام ممالک کومتاثر کر رہی ہے، برطانیہ، ایران، فرانس، اسپین، اٹلی، ارجنٹینا اور چیک ری پبلک شدید متاثر ہورہے ہیں۔
عالمی سطح پر شادیوں اور عوامی اجتماعات پر ایک بار پھر سے پابندیاں عائد کرنی شروع کردی گئی ہیں، ایران، اٹلی، برطانیہ، یورپ اور ملائیشیا میں شادیوں، عوامی و سماجی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔
برطانیہ میں تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کوویڈ 19 کے مریضوں کی تعداد دگنی ہوگئی، نئے مریضوں میں طلبہ کی اکثریت شامل ہے۔
آکسفورڈ کی بروکس یونیورسٹی میں پارٹی میں شریک 100 طلبہ میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ شہر میں ریڈ الرٹ کا اعلان کردیا گیا ہے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا امکان ہے۔
ایران بھی کرونا وائرس سے دوبارہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، ایران میں ایک دن میں کرونا وائرس سے 239 افراد جاں بحق ہوگئے۔