ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو اعلیٰ ترجیح دیتا ہے اور باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں ایوان صدر میں لارڈ واجد خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ افغانستان کی صورت حال کے بارے میں خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے لارڈ واجد کو ہاؤس آف لارڈز تک ترقی پانے پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں خدشات کو اجاگر کرنے کے لیے لارڈ واجد کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے بے گناہ لوگوں کے خلاف جاری دہشت گردانہ تسلط کا نوٹس لے۔ لارڈ واجد خان نے پاکستان کو کووڈ۔ 19 کی وبا سے کامیاب طریقے سے نمٹنے پر مبارکباد دی اور اس سلسلے میں پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کی تعریف کی۔