کوپن ہیگن (نوائے وقت رپورٹ) دنیا کا اعلیٰ ترین انعام دینے والی سویڈن کی سویڈش اکیڈمی آف نوبیل پرائز نے سال 2021 کا ادب کا نوبیل انعام تنزانیہ کے ناول نگار 73 سالہ عبدالرزاق قونہ کو دینے کا اعلان کردیا۔ عبدالرزاق قونہ جوانی میں ہی برطانیہ منتقل ہوگئے تھے اور انہوں نے وہاں تعلیم حاصل کرنے سمیت ملازمت بھی کی وہ یونیورسٹی میں ادب کے پروفیسر بھی رہے۔ نوبیل پرائز کی ویب سائٹ کے مطابق عبدالرزاق کو نوآبادیات کے تہذیبوں پر اثرات اور پناہ گزینوں کے ساتھ مختلف براعظموں میں پیش آنے والے مصائب کو آسان الفاظ میں بیان کرنے کی وجہ سے نوبیل انعام کے لیے منتخب کیا گیا۔ عبدالرزاق کے 10 ناول اور مختصر سٹوریز کی کتابیں شائع ہو چکی ہیں، ان کا سب سے مشہور ناول ’پیراڈائیز‘ 1994 میں شائع ہوا جبکہ 2001 میں شائع ہونے والے ان کے ناول ’بائے دی سی‘ نے لوگوں کی توجہ مہاجرین کے مسائل کی جانب مبذول کروائی۔
ادب کا نوبیل انعام تنزانیہ کے ناول نگار عبدالرزاق قونہ نے جیت لیا
Oct 08, 2021