حکومتی اداروں کیساتھ مل کر درپیش مسائل کو  حل کیا جائیگا، ندیم رؤف

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرندیم رؤف نے کہا ہے کہ  چیمبر تمام کاروباری برادری کیلئے ایک پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے جہاں سے اُن کے مسائل کو حکومتی سطح پر نہ صرف پہنچایا جاتا ہے بلکہ حل بھی کیا جاتا ہے۔ پی او ایس سسٹم کی تنصیب، تجاوزات، بورڈ ٹیکس، سیلز ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کے معاملات میں درپیش مسائل کو متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر حل کیا جائے گا، تاجر تنظیمیں چیمبر کا اثاثہ ہیں اور چیمبر کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے تمام تاجر برادری کو اعتماد میں لے گا۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے انجمنِ تاجران راولپنڈی کینٹ کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت صدر شیخ حفیظ کر رہے تھے۔ وفد میں ظفر قادری،منیر مغل، مشتاق خان ثاقب رفیق, راشد وائیں, حسن مصطفی اور دیگر عہدیدار بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع گروپ لیڈر سہیل الطاف،  سابق صدور منظر خورشید، راجہ عامر اقبال، زاہد لطیف خان، سینئر نائب صدر عاصم ملک، نائب صدر طلعت اعوان، ایگزیکٹو ممبران اور چیمبر کے ارکان بھی موجود تھے۔  گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا  مسائل کے حل کے لیے ہمیں اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے انجمن تاجراں راولپنڈی کینٹ کے صدر شیخ حفیظ نے صدر ندیم رؤف اور دیگر عہدیداروں کواپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نئی ٹیم کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن