اسلام آباد(وقائع نگار)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطاء ربانی کی عدالت نے نورمقدم قتل کیس میں ملزمان کی طرف سے کیس میں ڈیجیٹل ثبوت فراہم کرنے سے متعلق درخواست مسترد کرتے ہوئے فردجرم کیلئے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران ملزمان طاہر ظہور وغیرہ عدالت پیش ہوئے،عدالت نے ملزمان کے وکلاء کی جانب سے ریکارڈ فراہم کرنے سے متعلق درخواستوں پر دلائل مکمل ہونے کے بعد انہیں مسترد کرنے کا حکم سنادیا اور آئندہ سماعت پرفردجرم عائد کرنے کیلئے تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی،دوران سماعت مرکزی ملزم ظاہر جعفر پہلی بار عدالت میں بولا اور کہاکہ میں معافی مانگتاہوں اور آگے روسٹرم پر آکر بات کرنا چاہتا ہوں، جس پر فاضل عدالت کے جج نے کہاکہ ابھی آپ کی ضرورت نہیں ہے، ٹرائل میں آپ کو بھی سنیں گے،عدالت نے ملزمان کو واپس بخشی خانہ منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت14 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔
نورمقدم قتل کیس، ڈیجیٹل ثبوت فراہم کرنے کی درخواست مسترد
Oct 08, 2021