حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) انجمن اساتذہ پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ سلام ٹیچر ڈے کنونشن کاانعقاد کیاگیا۔تقریب کی صدارت چیرمین فہم القرآن کونسل پاکستان پروفیسر ڈاکٹر پیرمحمد اکرم چشتی نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔معاشروں کے انقلاب میں اساتذہ کابنیادی کردار ہے۔انہوں نے ہمشیہ تہذیب و ثقافت کے تحفظ کیلئے بنیادی نقوش فراہم کئے ہیں۔نسل نوکے افکارکی تطہیر اساتذہ کے مرہون منت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ پسماندہ طبقات کے اخلاق و کردار کی اصلاح بھی اساتذہ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔تقریب کے مہمان خصوصی سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر نے کہاکہ اساتذہ نے ہمیشہ معاشرے کی اصلاح میں نمایاں کردار ادا کیاہے، اگر ہمارے اساتذہ اصلاح کاذمہ اٹھالیںتوپاکستان حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کی منازل طے کر سکتا ہے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رحمت اللہ ثاقب نے کہا کہ ملک وقوم کوقیادت اساتذہ نے فراہم کرنی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ معاشرے میں استاد کاوجود باعث رحمت ہے کیوں کہ اساتذہ نئی نسلوں کی آبیاری کرتے ہیں،تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں بہتر کارکردگی دیکھانے والے اساتذہ میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے۔