بحری مشقیں نسیم البحر 13 :بحیرہ عرب میں شاندار فائر پاور کا مظاہرہ 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) بحری مشقیں ’’نسیم البحر13‘‘ کے دوران پاک بحریہ، رائل سعودی نیول اور ایئر فورسز نے شمالی بحیرہ عرب میں شاندار فائر پاور ڈسپلے کے ذریعے مشترکہ حربی تیاری اور جنگی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبد اللہ الغفیلی نے دونوں ممالک کے بحری اور فضائی یونٹس کی جانب سے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق  پہلی بار رائل سعودی ائیر فورس کے ایف15 ایس/ اے جہاز کی شمولیت سے  مشترکہ میری ٹائم آپریشنز میں ایک منفرد پہلو کا اضافہ ہوا۔ روائتی خطرات کے خلاف مشترکہ رد عمل کا عملی مظاہرہ شامل تھا۔ متعلقہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ مشق کا مقصد نیول وارفئیر اور میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے مختلف پہلوٗوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک کی افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت اور آپریشنل تیاری میں اضافہ تھا۔ بعد ازاں دونوں افواج کے سربراہان نے دیگر اعلی حکام کے ہمراہ جوائنٹ فلیٹ ریویو کے دوران پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے جہازوں کا  معائنہ کیا۔ مشق نسیم البحر ہر دو سال بعد منعقد کی جانے والی آپریشنل مشق ہے جو دو دہائیوں کے دوران پاک سعودی مشقیں اسٹریٹجک تعلقات اور سمندری خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لئے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن