اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمان ملک نے جمعرات کو کراچی کا دورہ کیا اور پاکستان کے 'کامیڈی کے بادشاہ' عمر شریف کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ عمر شریف مرحوم کے بیٹے جواد عمر سے ملاقات کے دوران رحمان ملک نے کہا کہ عمر شریف کو ان کی خدمات اور بہترین کارکردگی کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں پیش کیا۔عمر شریف کے گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ وہ ایک ایسے لیجنڈ کے گھر میں آئے ہیں جنہیں پوری دنیا نے 'کنگ آف کامیڈی' کا خطاب دیا۔ انھوں نے کہا کہ عمر شریف سے وہ پہلی بار کراچی یونیورسٹی میں ملے تھے جہاں معین اختر کے ہمراہ انہوں نے ایک نوجوان فنکار کے طور پر پرفارم کیا تھا اور ہمیں اندازہ ہوا تھا کہ ایک دن یہ بہت بڑا مقام پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم عمر شریف نے ہمیشہ اپنے فن اور کارکردگی کے ذریعے اپنے ملک اور عام آدمی کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت کی اور ہمیشہ دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں لاتے رہے۔ عمر شریف نے فنکاروں کی مدد کے لیے ایک ہسپتال بنانے کے لیے ایک ٹرسٹ شروع کیا ہے جو زیر تعمیر ہے میں مخیر حضرات اور دیگر لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عمر شریف کے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کے لیے جواد عمر کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں جواد عمر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔رحمان ملک نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنی پوری کوشش کی اور امریکہ میں اس کے علاج کے تمام انتظامات کیے لیکن اللہ کے مقرر کردہ وقت کو کوئی نہیں روک سکتا۔
رحمان ملک کی جواد عمر سے ملاقات،عمر شریف کی وفات پر تعزیت
Oct 08, 2021