لاہور (فاخر ملک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں شہباز شریف اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان میں متوقع طور پرکل ملاقات ہو گی۔ پی ڈی ایم کے سربراہ کل لاہور میں ہوں گے جہاں وہ مسلم لیگ ن کے صدر سے ملاقات کے علاوہ جمعیت العلمائے اسلام کے زیر اہتمام تقریبات میں شرکت کریں گے۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق وہ مسلم لیگ (ن) کے صدر سے مختلف محاذوں پر ملک میں بدلتی ہوئی صورتحال کے بارے میںتبادلہ خیال کریں گے اور پی ڈی ایم کے 11 اکتوبر کے اجلاس میں زیر بحث آنے والے نکات پر اتفاق رائے کیلئے اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ اپوزیشن جماعتوں میں بالخصوص مسلم لیگ (ن) میں بیانیہ میں کنفیوژن کے بارے میں ابہام دور کرنے کے علاوہ حکومت کیخلاف تحریک چلانے اور قومی احتساب بیورو کے صدارتی آرڈیننس کے بارے میں متفقہ حکمت عملی اختیار کرنے کے موضوعات کو بھی زیر بحث لائیں گے۔ واضح رہے مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کی ہارڈ لائن اختیار کرنے سے مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کو تقویت ملی ہے جبکہ دوسری طرف پارٹی رہنمائوں نے مسلم لیگ(ن) کے قائد کو ایک رپورٹ بھیجی ہے جس میں انہیں بڑے سیاسی فیصلوں میں تاخیر سے نقصان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔