کراچی (نیوز رپورٹر) سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمان ملک نے جمعرات کو کراچی کا دورہ کیا اور پاکستان کے 'کامیڈی کے بادشاہ' عمر شریف کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ عمر شریف مرحوم کے بیٹے جواد عمر سے ملاقات کے دوران رحمان ملک نے کہا کہ عمر شریف کو ان کی خدمات اور بہترین کارکردگی کے لیے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے اپنے فن کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں پیش کیا۔عمر شریف کے گھر کے باہر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ وہ ایک ایسے لیجنڈ کے گھر میں آئے ہوئے ہیں جنہیں پوری دنیا نے 'کنگ آف کامیڈی' کا خطاب دیا۔ انھوں نے کہا کہ عمر شریف سے وہ پہلی بار کراچی یونیورسٹی میں ملے تھے جہاں معین اختر کے ہمراہ انھوں نے ایک نوجوان فنکار کے طور پر پرفارم کیا تھا اور ہمیں اندازہ ہوا تھا کہ ایک دن یہ بہت بڑا مقام پیدا کرئیگا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم عمر شریف نے ہمیشہ اپنے فن اور کارکردگی کے ذریعے اپنے ملک اور عام آدمی کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمر شریف نے فنکاروں کی مدد کے لیے ایک ہسپتال بنانے کے لیے ایک ٹرسٹ شروع کیا ہے جو زیر تعمیر ہے اور مخیر حضرات اور دیگر لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عمر شریف کے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کے لیے جواد عمر کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں جواد عمر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پاکستان سے مطالبہ کرنا چاہتا ہوں کہ وہ عمر شریف فانڈیشن کو ہسپتال کا کام مکمل کرنے میں مدد کرے اور ان کی بے مثال کارکردگی پر انہیں اعلی ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کے لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔ پاکستان کی مالی عدم استحکام اور مسلسل مہنگائی میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نیکہا کہ حکومت کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ غریبوں کو ریلیف دینے کے لئے اور معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے دو سلیب بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ سندھ میں حکومت بنانے کی کوشش کی ہے اور لیکن پی پی پی مضبوط ہے، مضبوط رہیگی اور دوسرے صوبوں میں بھی اسی طرح مضبوط ہوگی اور اگلی حکومت انشااللہ پی پی پی کی ہوگی۔عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مایاناز فنکار عمر شریف مرحوم کے گھر جاکر انکے بیٹے سے ملاقات کی اور والد کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عمر شریف مرحوم نے اپنی صلاحیتوں سے پوری دنیا میں بسنے والی انسانیت کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریںاور پاکستان کا نام روشن کیااور فن مزاح میں اپنا سکہ منوایا ۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان ایک قابل شخص سے محروم ہوگیا ہے اب انکے جیسا دوسرا کوی عمر شریف نہیں آسکتا۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دعا کی کہ اللہ تعالی عمرشریف کی مغفرت فرمائے انکو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اورتمام اہل خاندان کو یہ صبر عطا فرمائے۔آمین
عمر شریف کو ان کی خدمات کی بدولت ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، رحمن ملک
Oct 08, 2021