لندن(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلش کاؤنٹی ٹیم مڈل سیکس سے معاہدہ کرلیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی اگلے سال کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دوران ایکشن میں ہوں گے۔ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ کی ہوم ٹیم مڈل سیکس کے اعلامیے کے مطابق 21سالہ شاہین شاہ آفریدی اگلے سال سیزن کے آغاز میں ہی ٹیم کو جوائن کرلیں گے اور جولائی کے وسط تک ٹیم کو دستیاب رہیں گے۔اس دوران شاہین شاہ آفریدی فرسٹ کلاس کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچز کے ساتھ ساتھ ٹی ٹونٹی بلاسٹ کے میچز بھی کھیلیں گے۔ شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں فرسٹ کلاس میچز کھیلیں گے جب کہ اس سے قبل وہ ہیمپشائر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے میچز کھیل چکے ہیں۔ اس معاہدے سے متعلق شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ معاہدے پر خوش ہوں، لارڈز میں کاؤنٹی کھیلنا ہمیشہ خواب تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے اپنی کارکردگی سے ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کروں گا۔
شاہین شاہ آفریدی کا 2022ء کیلئے مڈل سیکس کائونٹی سے معاہدہ
Oct 08, 2021