(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کی قیادت میں ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے وفد نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زون سیالکوٹ کے امور پر بات چیت ہوئی۔وفد نے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں بنکنگ کی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور صنعت کاروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں بنکنگ کی سہولت کی فراہمی اور صنعت کاروں کے جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں صنعتی یونٹس لگانے کیلئے پلاٹ مالکان 31دسمبر تک تعمیراتی کام شروع کریں، پراسیسنگ زون میں ترقیاتی کام جلد مکمل کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی مراکز کی سوفیصد آباد کاری سے ہی روزگار مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون سیالکوٹ میں بنک کے قیام کے لئے قطعہ اراضی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی، تاہم صنعتکاروں کوبھی کمٹمنٹ کے مطابق صنعتی یونٹ لگانا ہونگے۔ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کے صدر قیصر اقبال بریار نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صنعتکار ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کی آباد کاری کیلئے حکومت سے مکمل تعاون کریں گے۔سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر واصف خورشید، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی جی انڈسٹریز،ایم ڈی پیسک اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔