اسٹاک مارکیٹ میں آکٹوپس ڈیجیٹل کی لسٹنگ پر گونگ تقریب 


کراچی( کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آکٹوپس ڈیجیٹل لمیٹڈ کی لسٹنگ کا اعلان کرنے کے لیے ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس نے حال ہی میں اپنی اِنیشل پبلک آفرنگ کو کامیابی کے ساتھ سرانجام دیا ہے۔ اس اِیشو کے لیے بی ایم اے کیپٹل مینجمنٹ نے لیڈ منیجر اور بُک رنر کے فرائض انجام دیے۔ یہ کمپنی 5 اکتوبر 2021 سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں لسٹڈ ہے۔اس اِیشو میں 27,350,000 عام شیئرز شامل تھے جسے100فیصد، بُک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت 29 روپے فی شیئر کی فلور پرائس پر پیش کیا گیا تھا۔ بولی دہندگان کو اجازت دی گئی کہ وہ اِیشو کے 100 فیصد سائز کے لیے بولیاں لگائیں۔ تاہم، کامیاب بولی دہندگان کو اِیشو سائز کا صرف 75 فیصد یعنی 20,512,500  شیئرز الاٹ کیے گئے جبکہ باقی 25 فیصد یعنی 6,837,500 شیئرز ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے ۔ آکٹوپس ڈیجیٹل لمیٹڈ کے کامیاب آئی پی او اور لسٹنگ کی بابت بات کرتے ہوئے، ایم ڈی پی ایس ایکس فرخ ایچ خان نے کہا کہ پی ایس ایکس میں آکٹوپس ڈیجیٹل کو خو ش آمدید کہنا ایک پُرجوش پیش رفت ہے۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر پھیل رہا  ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس آئی پی او کی کامیابی دیگر آئی ٹی کمپنیوں کو بھی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ آگے آئیں اور پی ایس ایکس سے ترقیاتی سرمایہ جمع کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک لسٹڈ کمپنی کے طور پر، آکٹوپس ڈیجیٹل لمیٹڈ سرمایہ بڑھاکر مستفید ہوگی اور متنوع ملکی اور غیر ملکی شیئر ہولڈر بیس رکھنے کے باعث فائدہ اٹھائے گی جو کہ پاکستان کے آئی ٹی اور ڈیجیٹل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2021-22 کے لیے ایکسچینج میں آکٹوپس ڈیجیٹل کی لسٹنگ چوتھی لسٹنگ ہے۔ ہم پی ایس ایکس میں آئی پی اوز کی تیز رفتاری سے بہت خوش ہیں اور باقی سال کے لیے بھی ایک مکمل پائپ لائن موجود ہے۔ ہمیں خاص طور پر اس بات کی خوشی ہے کہ آکٹوپس ڈیجیٹل پی ایس ایکس میں ٹیک کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا سبب بنے گا۔آئی پی او اور آکٹوپس ڈیجیٹل لمیٹڈ کی لسٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کمپنی کے چیئرمین بختیار ایچ وائیں نے کہا کہ ہمیں جس قسم کا رسپانس ملا ہے اس پر میں واقعی بہت خوش ہوں۔ بی ایم اے کیپٹل، جو کہ ہمارے مالیاتی مشیر ہیں اور آکٹوپس ڈیجیٹل ٹیم کی کوششوں کی بدولت یہ یقینی طور پر ایک کامیابی ہے۔ اس کے علاوہ، میں ہمارے صارفین اورشیئر ہولڈرز  کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ ایک شاندار آغاز ہے، اور ہم اپنے کاروباری نتائج کے ساتھ ریکارڈ قائم کرتے رہیں گے اور تاریخ رقم کرتے رہیں گے۔بی ایم اے کیپٹل مینجمنٹ لمیٹڈ کے چیئرمین اور سی ای او، معظم ایم ملک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بی ایم اے کیپٹل پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آکٹوپس ڈیجیٹل آئی پی او لانے پر بہت پرجوش ہے۔ بی ایم اے کیپٹل نے لیڈ منیجر اور بُک رنر کی حیثیت سے فرائض انجام دیے۔ آکٹوپس کی لسٹنگ نے پی ایس ایکس میں تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں، کیونکہ پیشکش پر شیئرز کو بُک بلڈنگ کے مرحلے میں ریکارڈ 27 باراوور سبسکرائب کیے گئے اور مجموعی طور پر حاصل ہونے والی بولیوں کی رقم 30 ارب روپے (تقریباً 175 ملین ڈالر) کو چھو گئیں۔ پبلک سبسکرپشن کے حصے کو16,896 درخواستوں کے ساتھ اوور سبسکرائب کیا گیا جو کہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ میں کسی بھی آئی پی او میں اب تک کی سب سے زیادہ شرکت ہے۔ یہ ڈیجیٹل پاکستان کے لیے ایک تاریخی واقعہ ہے اور ٹیک کمپنیوں کے لیے پی ایس ایکس کے دروازے کھولنے کا سبب ہے۔

ای پیپر دی نیشن