پاکستان:کورونا کیخلاف مثبت اقدامات کے بہتر نتائج، 912 نئے کیسز رپورٹ،26 شہری جاں بحق

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے 912 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار 26 مزید شہری جاں بحق ہو گئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا سے 12 لاکھ 56 ہزار 233 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 28 ہزار 58 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45ہزار619 ٹیسٹ کیے گئے جس سے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1 کروڑ 97 لاکھ 82 ہزار491 ہوگئی۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 1.99فیصد رہی۔
ملک بھر میں کورونا کے 2 ہزار 763 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پنجاب میں وائرس سے 4 لاکھ 35 ہزار 40 افراد متاثر جبکہ 12 ہزار 757جاں بحق ہوئے۔ سندھ میں 4لاکھ 62ہزار155کورونا کیسز اور 7 ہزار 474اموات رپورٹ ہوئیں۔


خیبر پختونخوا میں کورونا سے 1لاکھ 75 ہزار 358افراد متاثر جبکہ 5 ہزار 623جاں بحق ہوئے۔ بلوچستان میں 33 ہزار 40 کیسز اور 349اموات رپورٹ ہوئیں۔ گلگت بلتستان میں 10 ہزار 341افراد کورونا سے متاثر جبکہ 186انتقال کر گئے۔
آزاد کشمیر میں 34 ہزار 316افراد کورونا سے متاثر جبکہ 739جان کی بازی ہار گئے۔ اسلام آباد میں وائرس سے 1لاکھ 5 ہزار 983افراد متاثر جبکہ 930انتقال کر گئے۔ ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 43 ہزار 648ہو گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 1 ہزار 633مریضوں نے وائرس کو شکست دے دی جس سے صحتیاب افراد کی تعداد 11 لاکھ 84 ہزار 527 ہوگئی۔ گزشتہ 1 روز میں شرحِ اموات 2.2 فیصد رہی۔

ای پیپر دی نیشن