امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی آر شرمن کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ آمد، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

Oct 08, 2021 | 12:34

ویب ڈیسک

امریکی نائب وزیر خارجہ محترمہ وینڈی آر شرمن کی وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ آمد اور وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات۔اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا مسٹر ڈونلڈ لو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات ، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے نائب وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا.افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے نقطہء نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔نائب وزیر خارجہ نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن کے لیے بروئے کار لا گئی مسلسل کوششوں کو سراہا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔ افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت ، انسانی امداد کی اور مالیاتی وسائل کی فراہمی اور افغان عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان، معاشی تعاون ، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد ، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم ڈائیلاگ کا عمل ہمارے دوطرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت کی تعریف کی.غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دی گئی کوویڈ سے متعلقہ معاونت پر نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین کا شکریہ کیا۔








مزیدخبریں