عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے لئے روس کی تیار کردہ سپوتنک ویکسین وی کا دوبارہ جائزہ لے کر منظوری دی جائے گی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل ماریانجیلا سماو کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ روس کی تیار کردہ سپوتنک وی ویکسین کی منظوری کا عمل دوبارہ جائزہ لے کر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس کے گمالیہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعے تیار کردہ سپوتنک وی کے لئے ایسے وقت میں ڈبلیو ایچ او سے اجازت طلب کی گئی ہے، جب کہ کورونا ویکسین سپوتنک وی پہلے ہی 45 ممالک میں استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دواوں، ویکسینوں اور دواسازی تک رسائی کے لئے سپوتنک کی منظوری کے عمل کو قانونی طریقہ کار کی کچھ کمی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ روسی حکومت کے ساتھ مذاکرات میں یہ مسئلہ بہت جلد حل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ فائزر،بائیو ٹیک، جانسن، موڈرنا، سائنوفارم، سائنوویک اور اسٹرا زینیکا سمیت کورونا وائرس کی کئی ویکسینوں کو ڈبلیو ایچ او نےکورونا وبا کے دوران ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔