صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی (کل)ہفتہ کو دو روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات روانہ ہونگے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران صدر مملکت متحدہ عرب امارات کے اعلی حکام سے ملاقات اور دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان پویلین کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔
یو اے ای میں اپنے قیام کے دوران صدر مملکت عارف علوی معروف تاجروں ، سرمایہ کاروں ، آئی ٹی کمپنیوں کے سینئر رہنماؤں اور میڈیا نمائندوں سے بھی ملاقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے ہو رہا ہے۔دبئی ایکسپو 2020 خطے کی سب سے بڑی اور متنوع نمائش ہے جس میں 192 ممالک ، کثیرالجہتی تنظیمیں اور کاروباری ادارے شرکت کر رہے ہیں۔ ایکسپو یکم اکتوبر کو شروع ہوئی اور 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی۔ایکسپو 2020 میں پاکستانی پویلین ایکسپو سائٹ کے اہم ترین علاقوں میں واقع ہے اور اسے ملک سے باہر پاکستان کا سب سے بڑا پویلین سمجھا جاتا ہے۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں ، جو مشترکہ عقیدے ، تاریخ اور ثقافتی وابستگیوں کی مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ متحدہ عرب امارات تعلیم ، صحت اور توانائی کے شعبوں میں پاکستان کے اہم ترقیاتی شراکت داروں میں شامل ہے۔