لاہور میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جلوس ‘محافل مانیٹرنگ کا حکم 

Oct 08, 2022

لاہور(نمائند ہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے منعقدہ محافل میلاد اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے صوبائی دارالحکومت سمیت تمام بڑے و حساس شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے جلوس و محافل مانیٹرنگ کی جائے۔ سنٹرل پولیس آفس میں کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا جبکہ سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے ضلعی سطح پر بھی کنٹرول رومز قائم کئے جائیں جو آپس میں کلوز کوارڈی نیشن سے فول پروف انتظامات یقینی بنائیں گے۔ اے، بی اور سی کیٹیگریز کے جلوسوں اور محافل کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق سکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور ضلعی سطح پر قائم امن کمیٹیوں اور مقامی علمااکرام سے مل کر بہتر کوارڈینیشن رکھا جائے۔ صوبے کے تمام اضلاع میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے جبکہ آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف قانونی کاروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ یہ ہدایات آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے آج سنٹرل پولیس آفس میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ آرپی اوز کانفرنس کی صدارت  کے دوران جاری کیں۔دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے  1447 محافل اور 2400 جلوس منعقد ہو رہے ہیں جن کی سکیورٹی کیلئے 72 ہزار سے زائد اہلکار، افسران اور والنٹیئرز تعینات ہونگے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اور اپنے اضلاع میں کئے گئے اقدامات بارے بریفنگز دیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ بازاروں اور شاہرات پر نکلنے والے میلاد النبیﷺ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کے دوران متبادل روٹس سے ٹریفک کی ہموار روانی برقرار رکھنے کے پہلو کو بھی مد نظر رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی،سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آرپی شرکت کی۔

مزیدخبریں