لاہور(نمائند ہ خصوصی) لاہور پولیس نے11 اور 12 ربیع الاوّل کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ جلوسوں،ریلیوں،محافل کی سکیورٹی پر4ہزار سے زائد پولیس افسران اورجوان فرائض انجام دیں گے۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گیارہ اور بارہ ربیع الاوّل کے موقع پر شہر کے تمام473 پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔سکیورٹی پلان کے مطابق 6ایس پیز،34ڈی ایس پیز،83ایس ایچ اوز،500 اَپر سب آرڈینیٹس فرائض انجام دیں گے۔ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ، پی آریو اور تھانوں کی گاڑیاں مسلسل پٹرولنگ میں رہیں گی۔ 12ربیع الاوّل پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ شہر بھر میں347 اجتماعات، ریلیاں، محافل منعقد ہونگی۔کیٹیگری اے میں 52 جبکہ کیٹیگری بی میں 171جلوس شامل ہیں۔ افضال احمد کوثر نے کہا کہ ربیع الاوّل کے جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جائیگی۔شہریوں میں احساس تحفظ کیلئے فلیگ مارچ، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں۔ تمام افسران عید میلادالنبیؐکی تقریبات کے حوالے سے منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔نوجوان ادب و احترام ملحوظ خاطر رکھیں اور ہلڑ بازی سے گریزکریں۔