کرپٹ سیاستدانوں کے پاس آخرت سنوارنے کا بہترین موقع ہے : مولانا فضل الرحمان بن محمد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جا معہ محمدی اہلحدیث سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمان بن محمد نے کہا ہے کہ تقریباً دو تہائی پاکستان اس وقت سیلابو ں اور بارشوں سے شدید متاثر ہے ہزاروں مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور سینکڑوں قیمتی جانیں مال مویشی مر چکے ہیں۔ بھوک و افلاس اور بیماریوں کا دور دورہ ہے کرپٹ اور موقع پرست سیاستدان اور حکومتی ایوانوں میں عیش و عشرت کی زندگی گزارنے والے حاکموں کیلئے آخرت سنوارنے کا یہ بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ان بے کس غریب نادار لوگوں کی مدد کر کے اللہ کو راضی کریں۔ سیلاب اور بارشوں سے ان کا کچھ نہیں بچا اور سب کْچھ لٹ گیا۔ اگرچہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں لیکن تباہی بہت زیادہ ہے۔ صرف راولپنڈی سے ملتان تک کا علاقہ بچا ہے۔ متاثرین کے حال پر ترس کھائیں اپنے گناہوں کی معافی کیلئے سب اللہ کی طرف رجوع کریں کہ ایک روز اس کے حضور پیش ہونا ہے سب کچھ یہاں ہی رہ جانا ہے۔ وہ لوٹ مار اور حرام طریقے سے بنائے گئے اسباب آسائش ساتھ نہیں جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن