تحریک لبیک یارسول اللہ ؐو تحریک صراط مستقیم :عید میلاد النبی محفل میلاد تقریب

Oct 08, 2022

لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ ؐو تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں عید میلاد النبی کے سلسلہ میں محفل میلاد کا انعقا کیا گیا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ’’عید میلاد النبی، عید عظمت انسانیت‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آمد مصطفیؐ سے انسانیت کو عظمتوں کی نئی منزل کا سراغ ملا۔ احسانِ عظیم پر تشکرِ خداوندی کیلئے محافل میلاد کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ آمد مصطفیؐ کی قدر کا تقاضا ہے کہ جو دین حضرت محمد مصطفیؐ لے کر آئے، اس دین کی قدر کی جائے۔ تحفظ اسلام کیلئے آج کے مومن کی ذاتِ رسول سے محکم وابستگی از حد ضروری ہے۔ آمد مصطفیؐ کو مرحبا کہنے کیلئے گھر، بازار اور دفاتر کی سجاوٹ، جلوس اور محافل کا انعقاد اور صدقہ و خیرات بہترین اعمال ہیں۔ عید میلاد النبی کی آڑ میں بازاروں یا پارکوں میں مرد و زن کا اختلاط، عریانی، فحاشی، بھنگڑے اور ناچ گانے بالکل درست نہیں ہیں۔ عید میلاد النبیؐ منانے کے خلاف لٹریچر کا شائع کیا جانا اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک گہری سازش ہے۔حکومت ایسے لوگوں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دے۔

مزیدخبریں