سائفر محفوظ ، بھارت میں مسلمانوں پر مظالم ، موسمیاتی کانفرنس میں سیلاب کا مسئلہ اٹھائیں گے : دفتر خارجہ 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سائفر دفتر خارجہ میں مکمل محفوظ ہے۔ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم ہو رہے ہیں۔ مصر میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس میں سیلاب کا مسئلہ اٹھائیں گے۔ متاثرین کی تعمیرنو کیلئے عالمی مدد کی ضرورت ہے۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔ ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ  یورپین پارلیمان اور پارلیمنٹیرینز نے سیلاب کے بارے میں پاکستان کی حمایت کی ہے، یورپی یونین کے ہائی کمشنر برائے آفات نے 4 اکتوبر کو وزیراعظم سے ملاقات کی، حالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کے لیے 30 ملین یورو کی انسانی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر امیت شا کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ دنیا کو گمراہ کرنے لیے ہے کہ حالات معمول پر ہیں، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک جاری ہے، نووتری کے ہندو میلے کو متاثر کرنے کے مبینہ الزام میں مسلمانوں کا گھیراؤ اور مار پیٹ کے واقعات پیش آئے، حریت رہنما الطاف احمد شاہ کی گرتی ہوئی صحت پر بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیری سیاسی قیدیوں کی بگڑتی ہوئی صحت اور مسلسل نظربندی پر بھی گہری تشویش ہے جن میں حریت رہنما یاسین ملک بھی شامل ہیں جو مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔ بھارت جان بوجھ کر کشمیریوں کے روزگار، کاروبار اور معیشت کو تباہ کرنے کے درپے ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مقامی آبادی کے مالی وسائل کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انگیج افریقہ پالیسی کے تحت نئے اعزازی قونصل جنرل تعینات کر رہا ہے، تعیناتی کا مقصد افریقی ممالک سے مضبوط اقتصادی، معاشی تعلقات استوار کرنا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے اطلاق میں پنہاں ہے، چاہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کے زیر نگرانی استصواب رائے کرایا جائے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، ہندوستان کو سمجھنا چاہیے کہ تنازع کا بین الاقوامی قانونی فریم ورک کے تحت حل ناگزیر ہے۔ کالعدم تحریک طالبان کا خیبر پی کے کے اضلاع کو ولایت کا نام دینے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے خلاف کسی بھی بات کی کوئی حیثیت نہیں، امریکی سفیر کا آزاد جموں و کشمیر کا دورہ اہمیت کا حامل ہے، مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا۔ پاکستان موسمیاتی تغیر کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہا ہے، پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی، تعمیر نو کے لیے ڈونرز کانفرنس کے انعقاد کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہا ہے حالانکہ ماحولیاتی مسائل میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، پاکستان کیلئے بین الاقوامی معاونت آنی چاہئے تاکہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر نے ڈونرز کانفرنس کی میزبانی کی پیشکش کی ہے جو اس سال کے آخر میں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے حوالہ سے پاکستان نے بھرپور مؤقف اختیار کیا ہے، اس حوالہ سے او آئی سی اور اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھرپور کوششیں کی ہیں، پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں اقوام متحدہ نے ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا بین الاقوامی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...