لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے پنجاب کی شوگر ملوں میں مقررہ مقدار سے زیادہ چینی کی پیداوار کو ریگولرائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹو محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی، سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، کین کمشنر زمان وٹو اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بعض شوگر ملز مقررہ مقدار سے زیادہ چینی پیدا کر رہی ہیں تاہم اس کے لئے حکومت سے این او سی حاصل نہیں کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی بشارت راجہ نے کہا کہ چینی کی پیداوار بڑھانے سے متعلق میکانزم بنانا ہوگا، اس کے لئے حکومتی سطح پر نہایت سنجیدگی کے ساتھ کام جاری ہے۔ انہوں نے سیکرٹری انڈسٹریز کو ہدایت کی کہ مختلف سلیبز بنا کر زیادہ پیداوار کے دورانیے اور حکومتی فیس کا تعین کیا جائے۔صوبائی وزیر علی افضل ساہی نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ شوگر ملز نے اضافی پیداوار کی ریگولرائزیشن کے حکومتی فیصلے سے اتفاق کیا ہے۔
پنجاب کی شوگر ملوں میں چینی کی پیداوار کو ریگولرائز کرنے کا فیصلہ
Oct 08, 2022