کراچی(نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاہے کہ شہر کے ساتوں اضلاع میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں کو تعمیر کیا جا رہا ہے، تنقید کرنے والے ہر حال میں باتیں کرتے ہیں۔ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے ممتاز حسن روڈ اور حسرت موہانی روڈ کی از سر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دونوں سڑکوں کی تعمیر پر 62.797 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے۔ سندھ حکومت بلدیہ عظمی کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد کراچی میں سڑکوں کی تعمیر اور کارپیٹنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ کراچی کے ساتوں اضلاع میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں کو تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی، ڈرینج سسٹم کی بہتری اور نالے بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں ترقیاتی کام کر رہے ہیں، عوام کو سہولت کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ تنقید کرنے والے ہر حال میں باتیں کرتے ہیں۔ ہم اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔