کراچی (نیوز رپورٹر)گلبہار مرحبایامصطفیﷺ کے نعروں سے گونج اٹھا،85سے زائدانجمنوں کی اجتماعی میلاد مصطفی ریلی میں عاشقان مصطفی کا سمندرامڈ آیا،ہر طرف گنبد خضراوالے سبزپرچموں کی بہار۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے گلبہارمیں سالانہ اجتماعی جشن میلادمصطفی ؐ ریلی اہلسنت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر، مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہارکے چیئرمین اور ممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی ودیگر کی قیادت اور بزم غلامان مصطفی پاکستان ٹرسٹ کے صدر صاحبزادہ صادق قریشی کے زیرنگرانی زمیندارچوک سے برآمد ہوئی،ریلی میں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی، معروف مذہبی رہنماصوفی محمدحسین لاکھانی،امن کمیٹی لیاقت آباد کے چیئرمین ناصر حسین خاں،سلیم الدین راجپوت، پیر سعید چشتی،پیر ظفرچشتی،ایم پی اے عباس جعفر، ڈی ایس پی غفارشیخ، فہیم شیخ،علامہ فضل رضااخترالقادری سمیت علما ومشائخ اور دیگر مذہبی،سیاسی اورسماجی شخصیات کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔اس موقع پرجمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیرملک محمدشکیل قاسمی نے کہاکہ گلبہار کے عاشقان مصطفی نے عید میلادالنبی ﷺ کی عظیم تاریخ رقم کردی ہے،کراچی میں جشن عید میلادالنبی انتہائی جوش وجذبے سے منایاجارہاہے۔ دشمنان اسلام کسی بھی صورت میں عاشقان مصطفی کے دلوں سے عشق مصطفی کو نہیں نکال سکتے۔محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ وطن عزیزپاکستان انتہائی نازک صورتحال کا شکارہے، موجودہ حالات میں عوام اہلسنت حنفی بریلوی صبروتحمل، برداشت اور درگزرسے کام لیں اور امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور رینجرزکے ساتھ تعاون کریں،ملک پر کوئی کڑاوقت آیاتوہم پاکستان کے قیام کے لئے قربانی دینے والے بیس لاکھ سے زیادہ اہلسنت حنفی بریلوی کی عظمت، حرمت،شان اور شوکت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور پاک فوج ومحب وطن قوتوں کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ عوام اہلسنت حنفی بریلوی ہی پاکستان کے اصل وارث ہیں اوراپنے وطن کے چپے چپے کی حفاظت کرنے کی پوری طاقت،صلاحیت اور ہمت رکھتے ہیں۔صوفی محمدحسین لاکھانی نے کہاکہ عوام اہلسنت حنفی بریلوی جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ولادت باسعادت پر خوب خوب خوشی کا اظہارکرنے کے ساتھ ساتھ عبادات کے دوران تحریک پاکستان کے شہیدوں اور استحکام پاکستان کے لئے جدوجہد کرنے والے مرحومین کو بھی یادرکھیں اور پاکستان کے استحکام،ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے شہیدوں، سیاسی، مذہبی اور سماجی مرحومین کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کریں،اللہ تعالی ہم سب پر حضورنبی کریم ﷺ کے صدقے میں خوب خوب برکتیں عطافرمائے گا اور عوام اہلسنت حنفی بریلوی کی حفاظت فرمائے گا۔میلادمصطفی ریلی میں عمران فیاض قادری، فرحان اخترالقادری، جمیل عباس نورانی، محمدوسیم قریشی، مولانافرحان قادری، سید فرازاحمد ودیگر بھی شریک تھے۔
85 سے زائد انجمنوں کی اجتماعی میلاد ؐ ریلی ، عاشقان کا سمندر امڈ آیا
Oct 08, 2022