سینت: پختونوں سے متعلق فواد کے ریمارکس ، حکومتی ، اپوزیشن ارکان کا واک آئوٹ 

Oct 08, 2022


 اسلام آباد (وقائع نگار‘ اے پی پی‘ آئی این پی) ایوان بالا میں فواد چوہدری کی جانب سے پختونوں کا مذاق اڑانے پر سینٹ اراکین سراپا احتجاج بن گئے۔ تحریک انصاف نے فواد چوہدری کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے ایوان سے معافی مانگ لی۔ فواد چوہدری کے بیان پر سینٹ میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے  احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ جمعہ کو سینٹ اجلاس میں  اظہار خیال  کرتے ہوئے قائد حزب اختلا ف سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ  چار نکات اٹھائے تھے، سیاسی انتقام، سیلاب وغیرہ مگر حکومت نے  اسے سنجیدہ نہیں لیا۔ حکومت نے اجلاس میں جواب نہ دینے کے لئے  کورم کا معاملہ اٹھا کر اپنی جان چھڑائی،  حکومت نے مخالفین پر جھوٹے مقدمات اور ٹارچر کیا، حکومت  اپنی عوام پر زہریلی گیس سے حملہ کرے گی، جو اسرائیل اور انڈیا کرتا ہے، آج ڈالر نیچے چلا گیا۔ انڈسٹری  زمین بوس ہوگئی۔ سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ 75 سال میں ادارے کہاں ہیں کس مقام پر کھڑے ہیں، ملک کو عدالتی ادارے سمیت سب نے نقصان  پہنچایا،  ملک میں مخصوص طبقے کی حکمرانی  غریب کی کوئی بھی نہیں سن رہا ہے۔ سینیٹر طاہر بزنجو نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز صدر پاکستان کے پارلیمان سے خطاب کے دوران جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد‘ میں نے اور چند دیگر افراد نے منظور پشتین کی رہائی اور اس کے پروڈکشن آرڈر کیلئے آواز بلند کی تھی لیکن ایوان میں بیٹھے سپیکر ٹس سے مس نہ ہوئے۔ ماضی میں پیپلز پارٹی منظور پشتین کی رہائی کے بارے میں بڑی باتیں کرچکی ہے لیکن اب اقتدار میں ہے۔ بلاول بھٹو کو اس بارے میں سختی سے نوٹس لینا ہوگا کہ سپیکر ان کا ہے لیکن انہوں نے منظور پشتین کی رہائی کے لئے بات نہیں کی۔ اگرچہ ہماری جماعت اسلامی سے سیاست اور سوچ الگ ہے لیکن انسانی حقوق کیلئے ہم نے یکساں آواز بلند کی۔ انہوں نے نجی ٹی وی پر فواد چوہدری کی جانب سے پشتونوں کا مذاق اڑانے کی مذمت کی اور کہا کہ کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ دوسرے کی تضحیک کرے۔ ایوان سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری ایوان کا حصہ نہیں، انہوں نے ٹی وی چینل پر مذاق کا عنصر پیدا کرنے کی خاطر ایک لطیفہ سنایا ہے، اگر کسی کی تضحیک ہوئی ہے تو میں فواد چوہدری کی جانب سے معافی مانگتا ہوں۔ ایوان بالا کو بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک نادرا کے 42 افسران و اہلکاران میرٹ پر تعینات کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سنیٹر محسن عزیز کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ بیرون ملک نادرا کے 42 افسران و اہلکاران تعینات کئے گئے ہیں۔ ان تمام افسران و اہلکاران کا انتخاب خالص میرٹ پر کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن مالیاتی فراڈ کے 352 مقدمات درج کئے ہیں جبکہ 415 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سیمی ایزدی کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے مختلف طریقوںسے معصوم لوگوں سے دھوکہ دہی کے ذریعے مالیاتی فراڈ کئے جا رہے۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک سمیت مختلف ممالک کے سفراء نے ایوان بالا کے اجلاس کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر، آسٹریلوی ہائی کمشنر، بنگلہ دیش، نیپال، فرانس اور یورپی یونین کے سفراء سمیت دیگر ممالک کے سفیر اجلاس کی کارروائی دیکھنے کے لئے مہمانوں کی گیلری میں موجود ہیں، ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اراکین سینٹ نے ڈیسک بجا کر ان کا خیر مقدم کیا۔ ایوان بالا سے بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کے نجی ٹی وی چینل پر پختون قوم سے متعلق بیان پر احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے منظور کاکڑ نے کہا کہ فواد چوہدری کے بیان سے پختون قوم کی دل آزاری ہوئی ہے، انہیں اسی نجی ٹی وی پر دوبارہ آ کر پختون قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ سینیٹر اسرار ترین نے کہا کہ فواد چوہدری کے نجی ٹی وی پر دیئے جانے والے بیان کی مذمت کرتے ہیں، فواد چوہدری کو خود اپنے الفاظ پر معافی مانگنی چاہیے۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری نے یہ بات ازراہ تفنن کہی، اگر اس بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو میں معذرت کرتا ہوں۔ ایوان بالا کا اجلاس پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں سوالات کے جوابات کے علاوہ اراکین سینٹ نے مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔ صدر نشین سینیٹر محمد اکرم نے اجلاس کی کارروائی پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کر دی۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے خلاف ان کی اپنی ہی جماعت کے سینیٹرز نے اجلاس سے واک آئوٹ کردیا۔ سینٹ میں اپوزیشن ارکان، فواد چودھری کے پختونوں سے متعلق ریمارکس پر واک آئوٹ کرگئے۔ جس پر تحریک انصاف کے سینیٹر اعجاز چودھری نے فواد چودھری کے الفاظ پر ارکان سے معافی مانگ لی۔ 

مزیدخبریں