لندن (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے (ن) لیگ کے ارکان اسمبلی اور دیگر افراد نے لندن میں ملاقات کی۔ (ن) لیگی رہنماؤں کی نواز شریف سے ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ رکن پنجاب اسمبلی توفیق بٹ نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نواز شریف سے ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔ پاکستانی قوم اپنے لیڈر نواز شریف کی شدت سے منتظر ہے۔ (ن) لیگ کے قائد نے اپنی آمد کے حوالے سے تیاریاں کرنے کا کہہ دیا ہے۔ توفیق بٹ نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے جلد پاکستان میں ہوں گے۔ نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں میاں رضا اور ڈاکٹر اشرف چوہان بھی شامل ہیں۔ جبکہ جنید صفدر بھی نواز شریف اور والدہ مریم نواز سے ملاقات کیلئے حسن نواز کے دفتر پہنچے۔ جنید صفدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ گزشتہ روز والدہ مریم نواز کے ساتھ دوحہ سے لندن پہنچے تھے۔ مریم نواز نے پاکستان سے لندن آتے ہوئے ایک دن دوحہ میں قیام کیا تھا۔ وقار چیمہ، نواز چوہان اور سلمان خالد پومی بٹ اور ایم پی اے عمران خالد بٹ کے بھائی عثمان خالد بٹ، احسن ڈار، کاشف بٹ و دیگر نے بھی ملاقات کی۔ نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں تہمینہ دولتانہ اور میاں عمران دولتانہ بھی شامل تھے۔