کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ)صوبائی مشیرداخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے تقریبات کے انتظامات کاجائزہ اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بھی تفصیلی غور و غوض کیا گیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم ، ڈی آئی جی کوئٹہ اظفرمہیسر، ڈی جی لیویز قادربخش پرکانی، شہاب عظیم و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور اور ڈی آئی جی کوئٹہ نے بریفنگ دی کہ 12 ربیع الاول کے جلوسوں کیلئے کوئٹہ میں 2000 ہزار اہلکارتعینات کیے گئے جبکہ19اضلاع میں کل 13 جلوس نکالے جائیں گے ۔ مشیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ12 ربیع الاول کے دوران محافل ، اور جلوسوں کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسے میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک موبائل سگنلز بند کیے جائیں گے جبکہ 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے شرکاء کو بہترین سہولتیں ماضی کی طرح فراہم کی جائیں ۔مشیرداخلہ نے کہا کہ ادارے امن و امان کی صورتحال کی بہتری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانفشانی سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں اورشرپسند عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے مربوط انٹیلی جنس سے موثر انداز سے استفادہ کیا جائے گا جبکہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی اور صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔